All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

نوبل انعام اور پاکستان معاشرے کی تحقیر......


آج کل پاکستان اور دنیا (بشمول مسلم دنیا)کے سارے ذرائع ابلاغ خصوصاً مغربی کارپوریٹ میڈیا ملالہ کی تعریفوں اور اسلامیان کی جہالت اور طالبان کی درندگی کے بارے میں ایک طوفان اٹھائے ہوئے ہیں۔ یہ گوروں کی جدید سامراجی پالیسیوں کا ایک جزو ہے تاکہ باور کرایا جاسکے کہ ایشیائی اور افریقی اقوام کتنی جاہل اور درندہ صفت ہیں اور ان کو عقل و شعور اور تہذیب و تمدن سکھانے کے لیے گورے آقائوں کی کتنی شدید ضرورت ہے۔ مغربی ذرائع ابلاغ نوبل انعام کمیٹی کو یہ تاثر دے رہے ہیں کہ کن مسکینوں، جاہلوں، قدامت پرستوں اور ناشکروں کو یہ انعام پکڑا دیا کہ جو ایک اچھی بات کو محسوس تک نہیں کرسکتے۔

تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ایک کم عمر پاکستانی لڑکی کو نوبل انعام ملنے کی مغربی دنیا اور پاکستانی ذرائع ابلاغ میں تشہیر میں یہ فرق ہے کہ مغربی ذرائع ابلاغ واہ واہ کے طوفان کے ساتھ پاکستانی معاشرے کی بھرپور مذمت اور تحقیر لیے ہوئے ہیں۔

اس تحقیر کی وجہ پاکستان کا یہ ’’جرم‘‘ ہے کہ اِس کے عوام نے اس اعزاز کو پانے کے بعد جشن منانے کے لیے گلیوں میں کوئی رقص نہیں کیا اور نہ ہی اپنے ذرائع ابلاغ کے دوش بدوش خوشی سے دیوانے ہوئے۔ پاکستانی عوام کی ’’بدتہذیبی‘‘ کی حد تو اُن کی یہ جسارت ہے کہ وہ ایوارڈ دینے والوں سے یہ پوچھ رہے ہیں کہ ملالہ نے ایسا کیا کام کردیا جو اس کو یہ انعام دیا گیا ہے؟ اور صرف یہی نہیں بلکہ الٹا یہ سوال بھی کررہے ہیں کہ اس انعام کے پیچھے آپ (مغربی سامراج) کے کیا مقاصد اورکیا سازشیں کارفرما ہیں؟ اِن پاکستانی ’’بدتہذیب‘‘ عوام نے اُن تمام بے ہودہ الزامات کو رد کردیا جو وہ اس انعام یافتہ نوجوان لڑکی سے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دین ِ اسلام اور اُس کے شعائر کے خلاف لگوا رہے تھے۔

واشنگٹن پوسٹ کی ایک جلی شہ سرخی کہہ رہی ہے: ’’نوبل انعام جیتنے والی ملالہ پاکستان میں تنہا تنہا رہنے والے اجنبی لوگوں کے حلقے کی ایک رکن بن گئی‘‘۔

کم و بیش 75 سال کی شب و روز کی محنت سے جدید ذرائع ابلاغ مسلم دنیا میں اسلام اور سنتِ محمدیہؐ سے ملنے والے شعائر کے خلاف جس زہرافشانی اور برین واشنگ کا اہتمام کررہے ہیں اور اس کے نتیجے میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ماننے والوں کو انہوں نے اب تک کتنا خراب کرلیا ہے؟ اس سوال کا جواب واشنگٹن پوسٹ کی اس ایک سرخی میں پوشیدہ ہے! ایک بے چاری کو خراب کیا ہے لیکن نہ معلوم وہ بھی کب غلام احمد پرویز یا غلام جیلانی برق اور اس قبیل کے بہت سارے لوگوں کی طرح واپس اپنے دائرے میں آجائے۔

اس دور میں سب روٹی کھاتے ہیں جیسے پہلے کھاتے تھے، کوئی گھاس نہیں کھاتا… غیروں کو بے وقوف بنانا مشکل ہوتا ہے تو اپنوں کو بھی بنانا آسان نہیں ہوتا! تھوڑے لوگوں کو کچھ دیر اور بہت لوگوں کو تھوڑے وقت بے وقوف بنایا جاسکتا ہے، مگر سارے انسانوں کو ہمیشہ کے لیے اُلّو نہیں بنایا جاسکتا! سادہ سا ایک سوال ہے جس کا جواب دنیا کا ہر انسان جانتا ہے مشرق میں بھی اور مغرب میں بھی… وہ سوال یہ ہے کہ ملالہ نے انعام کسی مقابلے میں جیتا ہے یا اُس کو شعوری طور پر مقاصد کے تحت نوازا گیا ہے؟ اس کا جواب تو ملالہ اور اُس کے دوربیں چالاک و عیار ابّاجان کو بھی معلوم ہے۔

آپ ایک مقابلے کی میراتھن دوڑ میں مطلوبہ منزل تک سب سے پہلے پہنچ کر جیتتے ہیں، ہزاروں لاکھوں لوگ آپ کو براہِ راست اور ٹی وی اسکرین پر جیتتے ہوئے دیکھتے ہیں، کوئی آپ پر یہ الزام نہیں لگا سکتا کہ آپ نے ججوں کو رشوت دی ہے، یا غذائی اور فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے ججوں سے سازباز کرکے کچھ مطلوبہ غذائی فارمولے (diet products) جو آپ استعمال کرتے ہیں اُن کی تشہیر کے لیے آپ کو جتا دیا ہے! اگر کوئی ایسا کہے گا تو دنیا اُسے پاگل کہے گی۔ آج کیوں سب کو یہ یقین ہے کہ نوبل پرائز ملالہ پر نوازش ہے انعام نہیں؟ نوازش بھی کیا، ایک سیاسی فیصلہ ہے ایسے بددیانت ججوں کے ہاتھوں جو ایک سیاسی حکمتِ عملی کے تحت کام کرتے ہیں اور جس کی اُنہیں مزدوری ملتی ہے، اور وہ حکمت عملی صرف یہ ہے کہ مغربی سامراج ایشیا اور افریقہ پر غالب رہے، کہیں مسلم دنیا جاگ کر غاصبوں سے دنیا کی زمامِ کار نہ چھین لے!

ایوارڈ کے اعلان کے موقع پر نوبل کمیٹی کا اعلامیہ سیاسی عزائم سے اتنا لت پت ہے کہ معمولی عقل رکھنے والا بھی جان لے کہ یہ انعام امن کی جدوجہد میں کسی کارنامے کی بنیاد پر نہیں بلکہ کچھ سیاسی توقعات پر عنایت کیا جارہا ہے۔ اعلامیہ ملاحظہ فرمائیں:

’’نوبل کمیٹی محسوس کرتی ہے کہ ایک ہندو اور ایک مسلمان، ایک ہندوستانی اور ایک پاکستانی کے لیے یہ مشترکہ انعام تعلیم کے فروغ اور انتہا پسندی کی بیخ کنی کی جدوجہد کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔‘‘

صاف ظاہر ہے کہ اگر کوئی آپ کے سیاسی مقاصد سے متفق نہ ہو تو وہ اِن مقاصد کے حصول کے لیے کیے جانے والے فیصلوں کی حمایت کیوں کرے گا؟ وہ اس انعام کے ملنے پر کیوں خوش ہوگا؟ جس طرح میراتھن ریس (دوڑ) میں جیتنے والے کو سب مل کر سراہتے ہیں، اس طرح اس نوازشِ بے جا کو پاکستان میں نہیں سراہا جاسکتا۔ آخر مغربی ذرائع ابلاغ کے صحافیوں کو بیان کردہ یہ معمولی سی حقیقت کیوں سمجھ میں نہیں آتی؟ وہ کیوں پاکستانیوں سے اس نوبل پرائز کے ملنے پر خوشیاں نہ منانے پر ناراض ہیں؟ پاکستان میں نوبل پرائز اس سے پہلے بھی کسی کو ملا؟ سارے پاکستانی اہلِ علم طبعی علوم میں اُس عبقری اور ماہرانہ کام کے معترف ہیں، سارے عوام فزکس کے اتنے ماہر نہیں کہ اُس اعلیٰ علمی کام کا معمولی سا بھی ادراک کرسکیں۔ پاکستان کا پورا نام ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ ہے، اور اس ملک کے عوام کی واضح ترین اکثریت کو جمہوریت سے زیادہ پاکستان، اور پاکستان سے زیادہ اسلام عزیز ہے۔ یہ بات پاکستان میں دھڑکنے والے ہر دل پر نقش ہے، اس کا کیا کریں؟ یہ زندہ حقیقت اسلام کا مذاق اڑانے والی ملالہ کو اُس کی اس کار کردگی پر نوبل پرائز ملنے سے پاکستانیوں کو افسردہ کرتی ہے۔

ہماری قوم میں سے جن بے وقوفوں نے ملالہ کے اس ایوارڈ پر خوشی محسوس کی وہ مغربی پروپیگنڈے کا شکار ہوکر خود اعتمادی کھو چکے ہیں۔ وہ تو بھکاریوں کی مانند ہر چیز پر جھپٹ سکتے ہیں اور اس طرز عمل کے لیے معذور ہیں۔ انہوں نے احساسِ کمتری کا بدترین مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اس جھوٹ کا اقرار کررہے ہیں جس کے خود انکاری ہیں۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ انعام کسی مقابلے میں شامل ہوکر محنت سے جیتنے کی بنا پر ملا ہے، یا وہ یہ دلیل دیتے ہیں کہ اچھی چیز پرکسی بدنیتی کا شبہ کرنا بری بات ہے۔ ہم اِن جنت الحمقاء کے باسیوں کے تینوں اشکالات (Confusions) کا تجزیہ کرتے ہیں۔
یہ حضرات بھی انکاری ہیں کہ ملالہ کی کتاب خود اُس کی لکھی ہوئی ہے! ہر ذی عقل جانتا ہے کہ اُس کو استعمال کیا گیا ہے۔ اس کتاب کی لغویات کو پاکستان میں کوئی بھی ماننے کے لیے تیار نہیں ہے، کوئی اس کا دفاع کرنے پر آمادہ نہیں ہے، پاکستانی عوام نے اس کتاب کو خریدنے کے لیے کتابوں کی دکانوں پر دھکم پیل تو کجا، پوچھنے کی بھی زحمت نہیں کی۔ ہر ایک کو معلوم ہے کہ یہ کسی اور کے ہاتھ سے لکھا گیا غیروں کا ایجنڈا ہے۔ پھر بھی یہ چاہتے ہیں کہ اس پر ملنے والے نوبل انعام پر پاکستانی خوشیاں منائیں۔ کیا ہماری عقلوں کا جنازہ نکل گیا ہے!

یہ خیال کہ ایک مسلمان لڑکی کو یہ ایوارڈ اس کی خوبیوں کی بنا پر ہی دیا جاسکتا ہے، کیسی بچکانہ اور دور از فہم بات ہے۔
اُن کی دلیل کہ ہر اچھی چیز کسی اچھی نیت کے نتیجے میں ظہور پذیر ہوتی ہے، انتہائی احمقانہ ہے۔ ہمارے دشمن دنیا میں تمام جال… خواہ وہ نظریاتی ہوں، سیاسی یا معاشی… ہمیں پھانسنے کے لیے بدنیتی ہی سے لگاتے ہیں، ہماری کسی خیر خواہی میں وہ کچھ نہیں کرتے۔

تعلیم تو ایک عمدہ اور اعلیٰ چیز ہے تاہم اہم بات یہ ہے کہ کس چیز کی تعلیم؟ ملالہ کا معاملہ بالکل صاف ہے۔ اُس کے نام سے جوکچھ چَھپا ہے اُس کے مطابق وہ ایمانیات کے معاملے میں کسی تعلیم کو جائز نہیں سمجھتی، اُس کو اسلامیات بالکل پسند نہیں ہے، تعلیم کے لیے اُسے دینی مدارس پر سخت اعتراض ہے، وہ اُن بے گناہ لڑکیوں سے نفرت کرتی ہے جو لال مسجد سے ملحق لڑکیوں کے اسکول میں فاسفورس بموں کا نشانہ بنیں، گویا وہ اسی قابل تھیں! یہ ہے تعلیم کا وہ ایجنڈا جس کے پرچار پر تعلیم کے لیے اسے نوبل انعام دیا گیا ہے۔

تعلیم سے ہٹ کر ملالہ کے اُن تمام ایشوز پر بیانات ہیں جن سے آج پاکستان دوچار ہے، یا جن میں مغرب پاکستان اور امتِ مسلمہ کو ملوث کرنا چاہتا ہے۔ مثلاً توہینِ رسالت کا قانون، سلمان رشدی کے خلاف مظاہرے، تعزیری ضابطوں کی اسلامائزیشن (شرعی بنانے کا عمل)، حدود آرڈی ننس وغیرہ وغیرہ… اور ان تمام معاملات میں اُس کے منہ سے بس طوطے کی طرح وہی کچھ نکلتا ہے جو اس کے اتالیقوں نے سکھایا ہے۔ ہرذی عقل یہ بات جانتا ہے کہ سوات کے اسکول سے یہاں پہنچانے تک اور نوبل انعام دلانے تک کے سارے ڈرامے کا کل خاکہ (Script) بہت عیار اور چالاک لوگوں نے لکھا اور نوبل کمیٹی کے ایوارڈ دہندگان کی ان خاکہ نویسوں سے کامل ہم آہنگی تھی۔

اس سارے واضح معاملے کے باوجود اگر مغربی پریس اور اُس کے دانش ور حیرانی اور پریشانی سے سراپا سوال بن جاتے ہیں کہ آخر اتنی بڑی کامیابی پرپاکستانی لوگ خوش کیوں نہیں ہوتے؟ تو انہیں اپنی عقلوں پر ماتم کے ساتھ ساتھ اپنی حیرانی اور پریشانی سے تھوڑا سا باہرنکلنا چاہیے، کہ ہمارے پاکستان اور باقی مسلم دنیا میں بھی اور ہمارے ہم مذہب (جنہیں مسلم کہتے ہوئے شرم آتی ہے) سیکولرپنڈت اور اُن کے ہم خیال بوجھ بجھکڑ بھی بستے ہیں۔
دیوانگی کے ساتھ نوبل انعام پر مرے جانا بجائے خود مغرب سے مرعوبیت کا مظہر اور غلامانہ ذہنیت کی باقیات میں سے ہے۔ کیا کسی ذی ہوش کی عقل میں آنے والی بات ہے کہ تعلیم کی عَلم بردار تو ملالہ ہے اور طالبان علم کے دشمن ہیں! کیا انہیں یہ نہیں معلوم کہ یہ سب بکواس مغرب کی پروپیگنڈا مشینوں کی پیداوار ہے! ملالہ تعلیم کی کون سی چیمپئن یا ہیرو ہے! پاکستان میں لاکھوں لوگ ساری زندگی غریبوں اور امیروں کو تعلیم دیتے دیتے قناعت کے ساتھ روکھی سوکھی کھا کر اپنی قبروں میں پہنچ گئے، کسی نے اُن کو پوچھا تک نہیں۔ ملالہ نے کتنے اسکول بنائے؟ کتنے بچے پڑھائے؟ پاکستان کی کتنی یونی ورسٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دینا سکھائی؟ فلسفہ تعلیم پر وہ کون سی تھیوری پیش کی جس نے اس ملک کی قسمت بدل دی؟ اُس نادان نے تو بس ایک کام کیا کہ اپنے آپ کو ملک و ملت کے دشمنوں کے حوالے کردیا کہ وہ جو کچھ سکھاتے پڑھاتے جائیں وہی وہ اپنے حلق سے اگلتی جائے۔ نوبل پرائز دراصل اس بات کا سرٹیفکیٹ ہے کہ وہ حصولِ تربیت میں صاحبِ کمال نکلی۔

اُس بے ہودہ کتاب کو جس پر اس کا نام بطور مصنف لکھ دیا گیا ہے، پڑھنے کے بعد جو نرم ترین بات کہی جا سکتی ہے وہ صرف اتنی ہے کہ وہ بچی ہے اور بچے معصوم ہوتے ہیں۔ بدقسمتی یہ ہے کہ اُسے ہماری تہذیب کی دشمن طاقتوں نے استعمال کیا۔ ہمارا یہ ادعا ہمیں اُس کے لیے دعائیں کرنے پر مجبور کرتا ہے کہ وہ اغوا کنندگان دہشت گردوں کے چنگل سے نکل کر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دین میں واپس آجائے!

ملت کی بیٹیاں تو پہلے بھی بہت اغوائے شیطانی کا شکار ہوئیں مگر یہ ایک ایسی بیٹی ہے جسے اُس کے برضا و رغبت اغوا ہونے پر نوبل پرائز ملا ہے۔ آئیے اُمت کی اِس بیٹی کے اغوا کا ماتم کریں… اور ماتم کریں اُس جشن کا بھی جو ہمارے بعض حلقوں میں اس اغوا پر ہورہا ہے!!! (ماتم بہ معنی اظہارِ افسوس ہے، سینہ کوبی مراد نہیں)

تسنیم احمد

Post a Comment

0 Comments