All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

مفید ترین شخصیت کیسے بنا جا سکتا ہے؟....

جس کمپنی یا ادارے میں آپ کام کر رہے ہیں، اس میں ترقی کی طرف بڑھنا آپ کا حق ہے۔ لیکن ترقی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہ بیٹھے رہیں۔ بلند سے بلند تر مقام حاصل کرنے کے لیے بنیادی شرط ’’مسلسل جدوجہد‘‘ ہے۔ یہ جدوجہد ایسی ہونی چاہیے کہ جس سے یہ ظاہر ہو کہ آپ متعلقہ ادارے کے خیرخواہ ہیں۔ اس کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو ادارے میں آپ کی حیثیت پہیے کے دندانوں جیسی رہے گی۔اگر آپ ترقی کے خواہش مند ہیں تو اس کے لیے سب سے مفید اور بنیادی کلیہ یہ ہے۔

-1پہلے سوچییے! -2پھر اسے لکھ لیجیے! -3 اور پھر اس پر عمل کیجیے! عمل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ اس مفید آئیڈیے کو مفید سمجھتے ہیں تو اس کا اظہار اپنے مالک سے کر دیجیے۔ ڈاکٹر ولیم۔ ایم۔ سکال نے کہا تھا:’’اگر آپ کو کوئی مفید خیال سوجھتا ہے تو اس پر فوراً عمل کیجیے یا اپنے مالک کو بتا دیجیے۔ اگر آپ مناسب موقعے یا وقت کا انتظار کرتے رہیں گے تو یہ مناسب وقت کبھی نہیں آنے والا۔ پھر پچھتانا احمقانہ بات ہو گی۔‘‘ اپنے خیال کو کسی دوسرے وقت پر نہ ٹالیے۔

ایسا کرکے آپ سنہرے موقعے کو ضائع کرتے ہیں۔ جو لمحہ آپ کے ہاتھ میں ہے اس سے فائدہ اٹھایئے۔ اپنے خیال یا تجویز یا مشورے کو مت چھپایئے۔ آپ کا یہ رویہ آپ کو بہت نقصان پہنچا سکتا ہے۔اس خوف کو دل سے نکال دیجیے کہ آپ کی تجویز یا مشورہ آپ کو ندامت سے دوچار کر سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ یہ ہوگا کہ سننے والا اسے ناقابل عمل کہہ دے۔ اس سے دل برداشتہ ہو جانا اپنے آپ کو ’’شکست خوردہ‘‘ ثابت کرنا ہے۔ ہمت نہ ہاریئے اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہیے۔ کوشش کریں کہ آپ کے پاس زیادہ سے زیادہ مفید تجاویز ہوں۔ اپنے آپ کو ’’مفید ترین شخصیت‘‘ بنائیے۔ اس میں آپ کی جیت ہے۔ صرف اسی طریقے سے آپ جلد از جلد امیر ترین بن سکتے ہیں۔

 (ایم- آر- کوپ میئر کی تصنیف سے مقتبس)

Post a Comment

0 Comments